پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میرپور میں جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کی 6 ویں قومی کانگریس کا انعقاد کیا گیا۔
قومی کانگریس کے دو سیشن ہوئے، ابتدائی تنظیمی سیشن میں سابقہ سیاسی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں فنانس، نشرواشاعت اور تربیتی عمل کا جائزہ لیا گیا، مزید برآں سینٹرل کمیٹی اور مرکزی کابینہ کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔
سیاسی سیشن میں مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا گیا، سیاسی سیشن کے مہمان خصوصی کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل امداد قاضی تھے۔
سیاسی سیشن میں خاص طور پر عوامی تحریک کے مستقبل کے امکانات، 2026 کے انتخابات، ان انتخابات پر موجود محاصرے اور انتخابی اصلاحات پر سنجیدہ مکالمہ اور گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر عوامی تحریک میں متحرک کردار ادا کرنے والی جہد کار سلمہ حمید نے اپنے خطاب کے دوران جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، ان کے علاؤہ ثاقب تصدق نے جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اپنے بیان میں جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی نے ان کامریڈز کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ان کے اصولی فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
بعد ازاں جے کے پی این پی نے کانگریس میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء بالخصوص دیگر دوست پارٹیوں ، عوامی ایکشن کمٹیز کے رہنماؤں اور پاکستان سے آنے والے باہیں بازو کے کامریڈز کا شکریہ ادا کیا ۔
Share this content:


