ہنزہ: عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف علی آباد میں احتجاجی مظاہرہ

ہنزہ/ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف علی آباد میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے میں سیاسی و سماجی کارکنوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گرفتاریوں کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ انہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ احسان علی ایڈووکیٹ اور دیگر گرفتار رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی نمائندوں کی گرفتاری سے عوامی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے سرگرم عمل رہی ہے اور ایسے اقدامات سے تحریک کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر رہنماؤں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔

بعد ازاں مظاہرہ پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔

Share this content: