عامر عباسی کی جبری گمشدگی ناقابلِ قبول ،شہری لاوارث ہو چکے ہیں، حکومت فوری تحلیل کی جائے، الیاس کشمیری

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل الیاس کشمیری نے اسلام آباد ایئرپورٹ سے عامر عباسی کی جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے ریاست جموں کشمیر کے شہریوں کو آف لوڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا اور اب جبری گمشدگیوں کا خوفناک مرحلہ شروع ہو چکا ہے، جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔

الیاس کشمیری نے مظفرآباد کے حکمران طبقے پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر ریاست اپنے شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ کرنے میں ناکام ہے، تو اسے حکمرانی کا کیا جواز حاصل ہے؟

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس اس بات کا کوئی ریکارڈ نہیں کہ کتنے شہری روزگار کے لیے بیرونِ ملک یا پاکستان میں مقیم ہیں۔ آئے روز نوجوانوں کے لاشے وصول ہوتے ہیں، لیکن نہ ان کی موت کی وجوہات کا تعین کیا جاتا ہے اور نہ ہی قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔

الیاس کشمیری نے موجودہ صورتحال میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اب اس تحریک کو اپنا مسیحا سمجھ رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کو وقت اور حالات کے مطابق اپنے پروگرام کو مزید ایڈوانس کرنا ہوگا۔ موجودہ حکومت کو فی الفور تحلیل کر کے ایک عبوری سیٹ اپ قائم کیا جائے جس میں عوامی ایکشن کمیٹی کو نمائندگی دی جائے۔ یہ عبوری سیٹ اپ آزادانہ الیکشن کا طریقہ کار وضع کرے تاکہ ایسی قیادت سامنے آ سکے جو عوام کے حقوق اور روزگار کی ضامن ہو۔

بیان کے آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ عامر عباسی کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی شہری نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے، کیونکہ ماورائے عدالت اقدامات اور جبری گمشدگیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتیں۔

انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے بھی اس صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔

Share this content: