پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی پر عسکریت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں عمارت مکمل منہدم ہوگئی جس سے 15 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ بنوں کے ترجمان نعمان خان نے تصدیق کی ہے کہ فتح خیل چوکی پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
ان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد پولیس اہلکار ہیں۔
اس کے علاوہ تین زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا تھا جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بنوں کے رینجل پولیس افسر سجاد خان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ فتح خیل چوکی کی عمارت کے ملبے سے 12 پولیس اہلکاروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ تین اہلکاروں کو زندہ ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے بارودی مواد سے لیس کار سے حملہ کیا تھا جس سے چوکی کی عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کالعدم تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے مگر تاحال پولیس حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملہ آور چوکی کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور اس دوران فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
Share this content:


