تعارف عباس ایڈووکیٹ کی گرفتاری سیاسی انتقام قرار، مذمتی قرارداد منظور

گلگت بلتستان میں تعارف عباس ایڈووکیٹ کی گرفتاری کے خلاف استور میں شدید ردعمل سامنے آیا جہاں سیاسی انتقام قرار دے کر مذمتی قرارداد منظورکرلی گئی۔

آزاد امیدوار تعارف عباس ایڈووکیٹ کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں 15 روزہ ریمانڈ پر بھیجے جانے کے خلاف ضلع استور، بالخصوص حلقہ نمبر 14 استور 2 میں شدید ردعمل سامنے آگیا۔

عوام، سیاسی و سماجی کارکنان، وکلاء، طلبہ اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے مشترکہ مذمتی قرارداد جاری کرتے ہوئے اس اقدام کو سیاسی انتقام اور انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش قرار دیا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل ایک سیاسی امیدوار کے خلاف دہشت گردی کی دفعات، خصوصاً ATA 6/7 کے تحت کارروائی انتہائی تشویشناک ہے، جس سے نہ صرف ان کی سیاسی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ عوام کے جمہوری حقِ انتخاب پر بھی قدغن لگ رہی ہے۔

شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ اختلافِ رائے، سیاسی تنقید اور قوم پرستانہ نظریات کو دہشت گردی سے جوڑنا جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سیاسی کارکنوں اور امیدواروں کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے جبکہ آزادی اظہارِ رائے، سیاسی وابستگی اور منصفانہ انتخابات ہر شہری کا آئینی حق ہیں۔

مذمتی قرارداد میں حکومت گلگت بلتستان، متعلقہ انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، الیکشن کمیشن اور اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ تعارف عباس ایڈوکیٹ کے خلاف درج FIR اور اس کے پس منظر کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں اور تمام امیدواروں کو آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔

قرارداد کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہر قسم کے سیاسی جبر، ناانصافی اور بنیادی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنی آئینی و جمہوری آواز بلند کرتے رہیں گے۔

Share this content: