ریاست بھر میں بد ترین کرفیو نافذ، فورسز نے ۲۵ شہری قتل کردیئے،واجد علی ایڈووکیٹ

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ واجد علی واجد نے ریاست بھر میں جاری حالیہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں، کرفیو اور جانی نقصان پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ اور عالمی اداروں سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مورخہ 05 جون 2026 کو کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرامن مارچ اور دھرنے پر پاکستان رینجرز اور پیرا ملٹری فورسز نے ریاست بھر میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کر کے اور بجلی بند کر کے رات کی تاریکی میں سات جون کو ایک انسانیت سوز نسل کش آپریشن کیا۔

نہتے پرامن لوگوں پہ سٹریٹ فائرنگ سے 17 افراد کو شہید جبکہ 71 افراد کو شدید زخمی کیا گیا۔ سی ایم ایچ (CMH) راولاکوٹ میں گھس کے زخمیوں پہ تشدد کیا گیا۔ لاشوں کو فورسز نے اپنے قبضہ میں لے کر لواحقین کو دینے سے انکار کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح 9 جون کو کوٹلی کی پرامن ریلی پہ کریک ڈاؤن کر کے فورسز نے 8 نہتے بیگناہ شہریوں کو شہید کر دیا، جن میں ایک خاتون وکیل عروصہ ولایت اور ایک ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔

فورسز نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ گھروں میں گھس کے فائرنگ کی اور توڑ پھوڑ کی۔ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کے اندر فائرنگ کی جس سے سینکڑوں شہری شدید زخمی ہوئے۔

واجد علی واجد نے کہ کہ پاکستان رینجرز اور پیرا ملٹری فورسز نے جنگی جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے راولاکوٹ شہر میں کرفیو لگا دیا ہے اور تقریباً دو لاکھ کی آبادی کو محاصرے میں رکھا ہے۔گزشتہ 8 دن سے راولاکوٹ شہر میں کرفیو کا نفاذ ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ کے گرد ونواح میں تقریباً ایک لاکھ لوگوں نے دھرنا دے رکھا ہے جو کسی بھی وقت راولاکوٹ شہر میں داخل ہو سکتے ہیں، جن میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے اور ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں ڈویژن میں اس وقت مکمل لاک ڈاؤن ہے۔تینوں ڈویژن میں لوگوں کے گھروں پر سیکیورٹی فورسز چھاپے مار رہی ہیں، جبکہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔گرفتاریاں اور جبری گمشدگیاں تیزی سے جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے اور نسل کشی کا منظم سلسلہ جاری ہے۔

چیئرمین واجد علی واجد کا کہنا ہے کہ یہ مقبوضہ حیثیت کی شدید ترین شکل ہے اور ریاست جموں کشمیر اس وقت غزہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔

آخر میں انہوں نے اقوامِ متحدہ کمیشن برائے انسانی حقوق (UNHRC)، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) اور دیگر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے پارٹی کی جانب سے مطالبہ کیا کہ یہ تمام عالمی ادارے فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے میں فوری طور پر مدد کریں۔

Share this content: