مظفرآباد / کاشگل نیوز
پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں جاری پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران ضلعی انتظامیہ نے کاروباری مراکز کھولنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں تمام دکانداروں اور ضروری خدمات (Essential Services Providers) سے وابستہ افراد کو اپنی دکانیں اور کاروباری مراکز کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق دکانیں بند رکھنے یا سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ اور خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کاروباری سرگرمیوں کا بحال ہونا ضروری ہے۔
دوسری جانب ہڑتال کے حامی حلقوں نے اس اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی ادارے عوامی احتجاج کو کمزور کرنے کے لیے دباؤ اور انتظامی اختیارات استعمال کر رہے ہیں۔ احتجاجی قیادت کا کہنا ہے کہ عوام اپنے مطالبات کے حق میں پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ خطے میں کئی روز سے جاری پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کے باعث کاروباری، تجارتی اور سفری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں جبکہ مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنے بھی جاری ہیں۔ انتظامیہ اور احتجاجی قیادت کے درمیان صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔
Share this content:


