باغ /کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں جاری منظم عوامی تحریک کی بڑھتی قوت کو سبوتاژ کرنے کے لئے حکومت پاکستان اور عسکری اسٹیبلشمنٹ نے تحریک کے سرگرم و متحرک قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
ضلع باغ میں انتظامیہ نے عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ متعدد رہنماؤں کی جائیدادیں سیل کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عوامی تحریک اور عوامی ایکشن کمیٹی میں متحرک کردار ادا کرنے والے رہنماؤں عابد شاہین، افتخار زمان، عثمان کاشر سمیت دیگر افراد کی املاک کو انتظامی کارروائی کے تحت سیل کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد علاقے میں سیاسی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی اور اس کے حامیوں نے اس اقدام کو سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی آوازوں کو دبانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس کارروائی کی تفصیلات اور قانونی بنیادوں سے متعلق کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
تاہم ذرائع کے مطابق متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مزید اقدامات بھی متوقع ہیں۔
عوامی و سیاسی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی کارروائی کو قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق شفاف انداز میں انجام دیا جائے اور متاثرہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے۔
Share this content:


