پاکستانی بمباری سے 36 شہری ہلاک، 163 زخمی ہوئے، افغان طالبان

افغان طالبان حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات پاکستان کی جانب سے متعدد علاقوں میں کی گئی بمباری کے نتیجے میں 36 عام شہری ہلاک جبکہ 163 زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کی شب ’مستند انٹیلی جنس اطلاعات‘ کی بنیاد پر پاکستانی فورسز نے افغانستان کے علاقوں پکتیکا، پکتیا اور کنٹر میں جماعت الاحرار اور تحریک طالبان پاکستان سے منسلک تین اہداف کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے 25 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

تاہم افغان طالبان کے ترجمان نے اس کارروائی کو ’بزدلانہ‘ اور ’سفاکانہ‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان فوج کے فضائی حملوں میں سویلین علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افغان شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں شدت پسندوں کے ان مراکز میں موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

اتوار کی شب پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کی جانب سے جاری ’ایکس‘ پر پوسٹ کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شدت پسندی کے واقعات اور سنیچر کی شب کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر حملے کے بعد دو مختلف کارروائیوں میں پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقوں میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔

Share this content: