خیبر پختونخوا: ٹانک میں پولیس پر بم دھماکہ، اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکے سے اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او ٹانک عبدالصمد خان کے مطابق جنوبی وزیرستان روڈ پر پولیس کی بکتر بند گاڑی معمول کے گشت پر تھی جو ورانہ کے مقام پر دھماکے کی زد میں آگئی۔

دھماکے میں اے ایس آئی فریداللہ اور سپاہی اختر زمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ سپاہی عبدالمالک اور سپاہی قدرت اللہ زخمی ہوگئے۔

ہلاک افراد کی لاشیں اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹانک منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔

Share this content: