مظفرآباد: ایس ایس پی کے بیانات میں تضاد، جیک پر خوارج سے تعلقات کا الزام

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع مظفرآباد کے ایس ایس پی نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے سی) پر الزام عائد کیا کہ تنظیم کے خوارج سے روابط ہیں اور اس سے وابستہ مسلح افراد سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ 29 ستمبر 2025 کو چمیاٹی، دھیرکوٹ میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ کے دوران انہیں خنجر مار کر زخمی کیا گیا اور کچھ وقت کے لیے حراست میں بھی رکھا گیا۔

تاہم، اس دعوے کے برعکس ایس ایس پی کا 26 مئی کو ایک سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو دیا گیا انٹرویو بھی زیر بحث آ گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "ہم آپریشن مکمل کرکے اوپر جا رہے تھے، میری شوگر لیول کم ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے میں وہاں رکا۔ کچھ لوگ میرے پاس آئے، لیکن کسی نے مجھے گھیرے میں نہیں لیا۔”

ایس ایس پی کے ان دونوں بیانات میں نمایاں فرق سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ایس ایس پی کے تازہ الزامات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Share this content: