جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں سنیچر کے روز اسرائیلی حملوں کے بعد شہری اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ان حملوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق انصار نامی گاؤں پر ایک حملے میں تین بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے، جبکہ دیر الزہرانی پر ایک اور حملے میں چار افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر اور مقامی میڈیا کی رپورٹس میں جنوبی لبنان کی سڑکوں پر شدید ٹریفک دکھائی گئی ہے، جہاں درجنوں خاندان نباطیہ کے علاقے سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’یہ حملے حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں پر کیے گئے حملے کے جواب میں کیے گئے، جس میں اس کے مطابق تین فوجی شدید زخمی ہوئے۔‘
اسرائیلی حکام نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ ’انصار پر حملے کے دوران حزب اللہ کی رضوان فورس کے ایک کمانڈر کو بھی ہلاک کیا گیا۔‘
یہ حملے جون میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے آغاز کے بعد ہونے والے خونریز حملوں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے بدر یونٹ کے ایک سینئر کمانڈر ابو حسن علاء کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’حزب اللہ کے یہ کمانڈر تنظیم کی جانب سے سکیورٹی زون میں اسرائیلی فوج کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے جواب میں کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’حسن علاء نے سکیورٹی زون میں موجود اسرائیلی فوج کے خلاف متعدد حملوں کی منصوبہ بندی کی اور ان پر عمل درآمد میں حصہ لیا تھا، جن میں جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں پر دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرونز کے ذریعے حملے بھی شامل تھے۔‘
Share this content:


