جیک کا قائدین کی جبری گمشدگیوں کے خلاف 22 ستمبر کو مظفرآباد میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) مظفرآباد ڈویژن کے مشاورتی اجلاس کے بعد ایک اہم اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت قائدین وکارکنان کی غیر قانونی قید و جبری گمشدگیوں اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کے خلاف 22 ستمبر 2026 بروز منگل کو ضلع نیلم اور ضلع جہلم ویلی سمیت پوری مظفرآباد ڈویژن میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جے کے جے اے اے سی نے کور ممبرز شوکت نواز میر، راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ، انجم زمان اعوان، راجہ افتخار احمد، اور ڈویژنل ممبرز راجہ شفیق انقلابی، عامر یوسف زرگر، خواجہ وصی احمد، علی چنگیزی سمیت تمام اسیران کی غیر قانونی قید اور جبری گمشدگی کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے میں کور ممبر خواجہ مجتبٰی بانڈے، خورشید احمد سلہریا اور دیگر تمام قائدین و کارکنان کے گھروں پر چھاپوں، توڑ پھوڑ اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی مسلسل پامالی کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

ایکشن کمیٹی نے گزشتہ 106 دنوں سے راولاکوٹ میں جاری تاریخی دھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

شعبہ نشر و اشاعت جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی مظفرآباد ڈویژن کی جانب سے تاجروں، ٹرانسپورٹرز، طلبہ، وکلاء، سیاسی و سماجی فعال کارکنان، خواتین اور سول سوسائٹی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عوامی ‘چارٹر آف ڈیمانڈ’ پر عملدرآمد اور اپنے تمام لاپتہ و اسیر قائدین کی فوری رہائی کے لیے منظم اور متحد ہو کر باہر نکلیں اور 22 ستمبر کو تمام کاروبار اور ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رکھیں۔

Share this content: