غذر/ کاشگل نیوز
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے سنگل تھانے کی حدود میں واقع سرگاہ نالہ میں موسمی پولیس چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے اہلکارورں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تاہم جوابی کارروائی سے وہ فرار ہوگئے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق واقعہ 19 ستمبر 2026 کو پیش آیا، جب تقریباً نو مسلح افراد نے سرگاہ نالہ میں قائم عارضی پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی۔ پولیس اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس کے بعد مسلح افراد دشوار گزار پہاڑی علاقے اور بلند مقام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں چیک پوسٹ پر تعینات تمام اہلکار محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سرگاہ نالہ ضلع غذر اور دیامر کے درمیان واقع ایک دشوار گزار علاقہ ہے، جہاں موسمی بنیادوں پر پولیس چیک پوسٹ قائم کی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کی سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی جاری ہے، جبکہ مسلح افراد کی تلاش اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔
Share this content:


