پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر پنجاب حکومت نے راولپنڈی اور اٹک کے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز محدود کرنے کی درخواست کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں راولپنڈی کے مخصوص مقامات پر 2G، 3G اور 4G موبائل نیٹ ورک کی جیمنگ جبکہ اٹک کے تمام علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق یہ اقدام سینٹرل پولیس آفس پنجاب کی درخواست پر امن و امان کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تجویز کیا گیا ہے۔ راولپنڈی سٹی کے مخصوص مقامات پر سروسز کی جیمنگ کے وقت اور دورانیے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی، واہ کینٹ صدر، ٹھلیاں اور چکری کے علاقوں میں 27 ستمبر کو صبح 9 بجے سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ ضلع اٹک میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔
تاہم دستیاب رپورٹس کے مطابق یہ اقدام وفاقی سطح پر منظوری سے مشروط ہے، اس لیے حتمی نفاذ اور دورانیے کی تفصیلات متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد واضح ہوں گی۔
دوسری جانب 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی، اٹک اور دیگر اضلاع میں سکیورٹی انتظامات بھی سخت کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کی درخواست بھی وفاق سے کی ہے۔
اسلام آباد کی جانب جانے والے اہم راستوں پر بھی سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ اٹک کے اہم داخلی راستوں اور پلوں پر کنٹینرز منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی اور ٹریفک سے متعلق مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Share this content:


