گلگت(نمائندہ کاشگِل نیوز) بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے پرامن جدوجہد لرنے والی انسانی حقوق کی رہنما ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف گلگت بلتستان کےقوم پرست ترقی پسندوں نے شدید مذمت کی ہے۔
عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بابا جان نے بلوچ رہنما کی گرفتاری اور جبری گمشدگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ "انسانی حقوق کی علمبردار بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ کی گرفتاری کی شدید مزمت کرتے ہیں اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں ، ڈاکٹر ماہ رنگ نے ہمیشہ سے پر امن جدوجہد کی ہے ان کی گرفتاری تشویش ناک ہے، ریاست غلطی پر غلطی کیے جارہی ہے، ظالم حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا چاہئے”.
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اپنے فیس بک پوسٹ پر گلگت بلتستان یونائیٹڈ مومنٹ کے مرکزی چیف ارگنائز شبیر مایار کا کہنا تھا کہ "انسانی حقوق کے علمبردار ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ جو بلوچستان کے محکوم عوام کی حقوق کی جدو جہد آئین، قانون اور انسانی حقوق کے دائرہ میں رہ کر پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں کی گرفتاری کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔”
قراقرم نیشنل مومنٹ کے رہنما واجد عباس نے کہا کہ بلوچستان کی توانا آواز ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
ریاستی جبر اور آزادیٔ اظہار پر قدغن کسی صورت قبول نہیں۔ ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کی گرفتاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہم ان کی فوری رہائی اور ہر شہری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں۔