ریاست نے بلوچ قوم پر ظلم و جبر کی تمام حدیں پار کر دی ہیں،سردار امان خان

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی رہنما سردار امان خان نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان کے مزکزی شہر کوئٹہ میں بلوچ نہتے عوام پر ریاستی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے بلوچ قوم پر ظلم و جبر کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پُرامن احتجاج پر پاکستانی ریاستی فورسز کی فائرنگ، متعدد بلوچ شہداء اور درجنوں زخمیوں کی خبر ہر درد مند دل رکھنے والے شخص کے لیے تکلیف دہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی، بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت کئی معزز بلوچ خواتین اور رہنماؤں کی گرفتاری ،جبر و استبداد کی انتہا ہے۔ ہم ان تمام دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی ریاست ایک طرف محکوم قوموں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، تو دوسری طرف سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر جھوٹا پروپیگنڈا کرکے مظلوموں کی جدوجہد کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔پاکستانی ریاست نے بلوچ قوم پر ظلم و جبر کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج پر گولیاں برسانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ریاست نہ تو حقوق دینے کے لیے تیار ہے اور نہ ہی حق مانگنے والوں کی آواز سننے کا حوصلہ رکھتی ہے۔ لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جبر کے ذریعے کسی بھی قوم کی مزاحمت کو ہمیشہ کے لیے دبایا نہیں جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے