گرینڈ قومی جرگے میں گلگت بلتستان کی خود مختاری سے متعلق اہم فیصلے کئے جائینگے، پریس کانفرنس

گلگت (نمائندہ کاشگِل نیوز)

 

عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے رہنماوں نے پریس کلب گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 24-25 مئی کو گرینڈ قومی جرگہ بلانے کا اعلان کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی جرگے میں اہم فیصلے ہونگے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں نے گزشتہ 78 سالوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ظلم و جبر کیا ہے۔ گلگت بلتستان کو ایک صدارتی آرڈیننس کے ذریعے چلایا جارہا ہے یہاں کی اسمبلی کو اختیارات حاصل نہیں کہ وہ اپنے فیصلے خود کریں۔

احسان ایڈوکیٹ نے مزید کہا ہے گلگت بلتستان کو اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے قراردادوں کے تحت مکمل داخلی خود مختاری دی جائیں اور ریاست یہاں کے عوام کو بنیادی سیاسی حقوق دیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی جرگہ میں گلگت بلتستان بھر کے عمائدین ، سیاسی و سماجی کارکنان ، قوم پرست و ترقی پسند پارٹیوں کے سربراہان و کارکنان کے علاوہ عوام شرکت کریں گے اور فیصلہ کیاجائے گا کہ مستقبل میں کیا کرنا ہے۔

اس دوران میڈیا سے بات کرتےہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین انجینئر محبوب ولی نے کہا کہ حکومت نے لینڈ ریفارمز ایکٹ کے بعد منرلز و مائیننگ ایکٹ کے ذریعے مقامی افراد کا معاشی قتل شروع کیا ہوا ہے ۔ عوامی ایکشن کمیٹی لینڈ ریفارمز ایکٹ اور مائننگ ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہزاروں نوجوان مائننگ کے کاربار سے منسلک ہے حکومت نوجوانوں کے ہاتھوں سے روزگار چھین کر سرمایہ داروں کو گلگت بلتستان کے معدنیات حوالے کرنا چاہتی ہے جس کا شدید ردِ عمل آئے گا۔

اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر کامریڈ بابا جان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا خطے کے عوام پر ظلم ہے۔ ملک کے وزیر اعظم شہباز شریف نے نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں چھپے معدنیات کو بیچ کر پاکستان کا قرضہ چکائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے معدنیات حکمرانوں کی عیاشیوں کے لئے بیچنے نہیں دینگے، اگر آپ ملک کے خیرخواہ ہیں توبیرونی ممالک اپنے جزیرے اور بنگلے بیچ دیں۔

بابا جان نے بلوچ خواتین رہنمائوں کو جیلوں میں ڈالنے اور سندھ میں کینالوں کی تعمیر کی بھی شدید مذمت کی ہے۔

ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے 24 -25 مئی کو گرینڈ قومی جرگے کو کامیاب بنانے کے لئے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع ،تحصیلوں اور گاوں سطح پر کمیٹیا تشکیل دی ہیں جو اس جرگے کی کامیابی کے لئے ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کرینگے اور انتظامات کا بھی جائزہ لیں گے۔