جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی نے کراچی میں احتجاج کرنے والے عوام کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حق کی آوازوں کو دبانے کی نا کام کوشش قرار دیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں اور کراچی میں ریاست جموں کشمیر کے شہریوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی آواز بلند کرنا چاہیے۔
جموں کشمیر پیپلز نیشنل سیکرٹریٹ سے جاری کردہ مزاحمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے والے سیاسی رہنمائوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کی گرفتاریوں اور بے بنیاد مقدمات کے خلاف کراچی میں احتجاجی آواز بلند کرنا ان سیاسی ورکرز کا جمہوری حق ہے لیکن یہ جابر ریاست جبروتشدد سے حق کے لیے اٹھنے والی آوازوں کا گلا گھونٹنے کی نا کام کوششیں کر رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عوامی حقوق کی بات کرنے والوں کو پورے پاکستان سمیت پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر گلگت بلتستان میں زدوکوب کیا جا رہا ہے۔ استعماری ریاست کا جبروتشدد محنت کش عوام کو خاموش کرنے اور محکومی و ہر طرح کی غلامی کو سہتے رہنے پر مجبور کرنے کا غلیظ عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کو قبضہ گیریت کو دوائم بخشنے کے لیے جاری اس ریاستی عمل کے خلاف منظم مزاحمت کرنا ہو گی۔ گلگت بلتستان اور ریاست جموں کشمیر کے عوام مشترکہ مسائل پر مشترکہ اجتماعی جدوجہد منظم کرنے کی تیاری کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں اور کراچی سے گرفتار ہونے والے راہنمائوں کو فی الفور غیر مشروط رہا کیا جائے۔
بیان میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل کی گئی کہ گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کی گرفتاری کے خلاف نام نہاد آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں احتجاجی کال دی جائے۔
Post Comment