گلگت بلتستان: پولیس کسٹڈی میں احسان علی ایڈووکیٹ پر شدید تشدد، حالت ناساز

گلگت (کاشگل نیوز)

 

گلگت بلتستان میں پولیس کسٹڈی میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ پر شدید تشدد سے اس کی حالت ناساز ہوگئی ہے۔

عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے انسانی حقوق کی تنظیموں کے نام اپنے ایک جاری کھلا خط میں گرفتاررہنمائوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کی اپیل کی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ اور دیگر رہنما گزشتہ ایک ہفتے سے ریمانڈ کے نام پر پولیس ونگ گلگت میں موجود قید ہیں اور اطلاعات کے مطابق ان کے ساتھ غیرانسانی سلوک، شدید جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا جس کے بعد ایکشن کمیٹی کے 62سالہ بزرگ چیئرمین احسان علی ایڈوکیٹ کی طبیعت اس تشدد کی وجہ سے خراب ہونے پر سخت سیکورٹی میں ان کو شہید سیف الرحمان ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں احسان ایڈوکیٹ سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔

خط میں مزید کہا گیاکہ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کو خدشہ ہے کہ ریمانڈ پر مجود ایکشن کمیٹی کے رہنما مسودالرحمان، محبوب علی،اصغر خان، وحید حسن و دیگر کی جانوں کو ریاست کے ہاتھوں شدید خطرات ہے جس کی مثال احسان ایڈوکیٹ کی طبیعت ناسازی کی شکل میں سامنے آئی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، ایمنسٹی انٹرنیشنل، یو این ہیومن رائٹس کمیشن، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان و دیگر تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کے ساتھ ہونے والی انسانیت سوز سلوک، ذہنی و جسمانی ٹارچر کا نوٹس لے اور رہنماوں کی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔