گلگت/ کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے ضلع گنگچھے میں انجمنِ تاجران خپلو کی جانب سے تندور اور چکی رجسٹریشن کے حکومتی احکامات کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
احتجاج میں تندور اور چکی مالکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رجسٹریشن کے فیصلے کو یکسر مسترد کر دیا۔
تندور اور چکی مالکان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی صورت رجسٹریشن قبول نہیں کریں گے اور اس فیصلے کو عوام دشمن قرار دیا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ پہلے ہی مہنگائی اور معاشی دباؤ نے چھوٹے کاروبار کو مشکل میں ڈال رکھا ہے، ایسے میں مزید پابندیاں ناقابلِ برداشت ہیں۔
اس موقع پر صدر انجمنِ تاجران نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ نے کسی تندور یا چکی مالک کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو پورے گلگت بلتستان میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر رجسٹریشن کے احکامات واپس لے اور تاجروں کے ساتھ مشاورت کے بغیر کسی بھی فیصلے سے گریز کیا جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
Share this content:


