احمد فرہاد کی گرفتاری ونظر بندی آزادیِ اظہارِ رائے کو دبانے کی صریح کوشش ہے، بی وائی سی

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) نے آزاد جموں و کشمیر میں تھری ایم پی او (MPO) آرڈیننس کے تحت معروف شاعر اور سماجی کارکن احمد فرہاد کی حراست اور نظربندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تنظیم نے اسے لکھنے والوں، کارکنوں اور اختلافی آوازوں کو خاموش کرانے کا ریاستی حربہ قرار دیا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں شاعر اور ایکٹوسٹ احمد فرہاد کو ایم پی او (MPO) آرڈیننس کے تحت حراست میں رکھنا انتہائی تشویشناک ہے۔ ادیبوں، دانشوروں، سماجی کارکنوں اور اختلافی آوازوں کے خلاف احتیاطی حراست (Preventive Detention) کے قوانین کا یہ بے جا استعمال آزادیِ اظہارِ رائے کو دبانے اور تنقید کو سنسر کرنے کی ایک صریح کوشش ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کا یہ پختہ مؤقف ہے کہ ایسے اقدامات اختلافِ رائے کے خلاف بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور سیاسی و جمہوری جگہ کو جان بوجھ کر محدود کرنے کے وسیع تر نیٹ ورک کی عکاسی کرتے ہیں۔ مقتدر حلقوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ گرفتاریاں، دھمکیوں کا استعمال اور قانونی دباؤ جیسے ہتھکنڈے کبھی بھی انصاف، احتساب اور بنیادی حقوق کے مطالبات کو دبا نہیں سکتے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے بیان کے آخر میں عالمی برادری کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم احمد فرہاد سمیت ان تمام افراد کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں جنہیں اپنے آئینی و بنیادی حقوق کا پرامن استعمال کرنے پر حراست میں رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ہم تمام انسانی حقوق کی تنظیموں اور جمہوری قوتوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ان سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف کھل کر اپنی آواز بلند کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Share this content: