چین اور افریقی کاروباری برادری کی گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی، کانفرنس کا انعقاد

گلگت / کاشگل نیوز

بین الاقوامی کاروباری و اقتصادی کانفرنس میں گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات اجاگر کیے گئے، جبکہ چین اور افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والی کاروباری برادری نے خطے میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس میں پاکستان، چین اور افریقی ممالک کے کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے راجہ ناظم اُل امین نے معدنیات و کان کنی، زراعت، توانائی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے ذریعے گلگت بلتستان کی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کی جدید خطوط پر تلاش و پروسیسنگ، زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن اور پن بجلی سمیت قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اس موقع پر ڈسکوری پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ناظم اللہ بیگ نے گلگت بلتستان کے سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماؤنٹین ٹورازم، ایڈونچر ٹورازم، ایکو ٹورازم، ہوٹلنگ، ریزورٹس، ڈیسٹینیشن مینجمنٹ اور کمیونٹی بیسڈ ٹورازم میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔
کانفرنس کے دوران چینی اور افریقی کاروباری نمائندوں نے گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری، B2B شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

راجہ ناظم اُل امین اور ناظم اللہ بیگ نے گلگت بلتستان، چین اور افریقی ممالک کے درمیان کاروباری وفود کے تبادلے، تجارتی نمائشوں، سرمایہ کاری کانفرنسوں اور باقاعدہ B2B پروگرامز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

شرکاء نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں اور گلگت بلتستان کی مقامی کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے سے خطے میں سرمایہ کاری، روزگار اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

Share this content: